نئی دہلی، 25جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)وکٹ کیپر بلے باز نمن اوجھا کو 14اگست سے آسٹریلیا میں چار ممالک کے ون ڈے ٹورنامنٹ اور دو غیر مجاز ٹیسٹ میں حصہ لینے والی انڈیا اے ٹیم کا آج کپتان مقرر کیا گیا۔اوجھا کے لئے 2014میں انڈیا اے ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا دورہ یادگار رہا تھا جہاں چار روزہ میچ میں انہوں نے ایک ڈبل سنچری اور ایک سنچری لگائی تھی۔زمبابوے کے دورے کے لئے ہندوستانی ٹیم میں شامل رہے زیادہ تر کھلاڑیوں کو 16رکنی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں زمبابوے گئے نو کھلاڑیوں کو اے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔رنجی ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے شرییش ایئر، کیدار جادھو،اکشر پٹیل، برندر سرن اور دھول کلکرنی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ہندوستان کے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے نظر انداز کئے گئے تیز گیند باز ورون آرون کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ممبئی کے اکھل ہیروادکر پہلی بارانڈیا اے ٹیم کے ساتھ غیر ملکی دورے پر جائیں گے۔دورے کا آغاز آسٹریلیا اے کے خلاف 14اگست کو چار ممالک کے ون ڈے ٹورنامنٹ کے میچ سے ہوگا۔سیریز میں حصہ لینے والی دو دیگر ٹیمیں جنوبی افریقہ اے اور نیشنل پرفارمس ٹیم ہے۔دو ٹیسٹ میچوں کا انعقاد 8 سے 11ستمبر اور 15سے 18ستمبر تک برسبین میں کیا جائے گا۔انڈیا اے ٹیم اس طرح ہے:نمن اوجھا، فیض فضل، اکھل ہیروادکر، شرییش ایر، کرو نائر، منیش پانڈے، کیدار جادھو،وجے شنکر،اکشر پٹیل، جینت یادو، دھول کلکرنی، جے دیو انادکٹ، برندر سرن، شہباز ندیم، ورون آرون اور سنجو سیمسن۔